سحری اور افطاری میں بجلی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

March 25, 2023

پشاور (جنگ نیوز) چیف ایگزیکٹو پیسکو انجینئر عارف محمود سدوزئی نے رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چار گھنٹے کم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ شہر میں جہاں کہیں بھی عوام کو بجلی کی مد میں مسائل درپیش ہوں تو اس کے فوری حل کیلئے اقدامات کرینگے ۔ گزشتہ روز میئر پشاور حاجی زبیر علی نے چیف ایگزیکٹو پیسکو سے ملاقات کی جس میں تحصیل چیئرمین کلیم اللہ خان بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں زبیر علی نے بجلی کی لٹکتی تاروں کو ٹھکانے لگانےʼ ٹرانسفارمرز کی مرمتʼ ٹرانسفارمرز اپ گریڈ کرنےʼ شہری علاقوں کو دیہی علاقوں کے فیڈرز سے منسلک نہ کرنے اور بجلی نہ ہونے کے باعث مساجد وگھروں میں پانی کی عدم دستیابی کے مسائل پیش کئے ۔انہوں نے رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور لوڈشیڈنگ دورانیہ کم کرنے پر زور دیا ۔