جو آٹا زندگی کی قیمت پر ملے وہ بہت مہنگا ہے، انٹرنیشنل ہیومین رائٹس

March 27, 2023

لاہور(خصوصی نمائندہ)انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل تنویراحمدخان نے کہا ہے کہ نادارومفلس عوام کوجوآٹا زندگی کی قیمت پرملے وہ مفت نہیں انتہائی مہنگا ہے۔جس نے زندگی بھر مفلسی کا ذائقہ نہ چکھاہو ناداروں کامسیحا نہیں ہوسکتا۔قطاروں میں مسلسل کئی کئی گھنٹوں تک خوار ہوتے شہریوں کے بنیادی حقوق بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔کیا ماضی میں کسی اسلامی فلاحی ریاست کے حکمران انسانوں کی بنیادی ضروریات اس طرح پور ے کیا کرتے تھے۔حکمران شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت یقینی بنانے میں ناکام رہے ہیں ۔عوام کوانتخابی سرگرمیوں سے محروم کرنا بھی آئین سے متصادم ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اورچاروں صوبوں میں تازہ قیادت کاانتخاب آئینی تقاضا ہے۔ قوم کی طرف سے اجتماعی عدم اعتماد کے بعد مرکزسے صوبوں تک کوئی حکمران حق حکمرانی نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن ملتوی کرنے کا ماورائے آئین اقدام انتظامی مصلحت نہیں بلکہ انتقامی سیاست کاشاخسانہ ہے۔متحدہ حکومت توشروع دن سے انتخابات کے انعقاد کاارادہ نہیں رکھتی تھی۔