اسرائیل: بدترین احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کے بعد عدالتی اصلاحات موخر

March 27, 2023

اسرائیل میں جاری احتجاجی مظاہرے کا منطر

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے عدالتی اصلاحات کے منصوبے کو اگلے مہینے تک ملتوی کر دیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے عدالتی اصلاحات پر پیشرفت روکنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

حکومتی فیصلے کے بعد اسرائیلی لیبر یونین نے ملک گیر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اصلاحات کے خلاف نیشنل لیبر یونین کے سربراہ نے عام ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے بین گوریون ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن معطل ہوا، بندرگاہ، بینک، اسپتال اور میڈیکل سروسز میں بھی کام چھوڑ ہڑتال کی گئی تھی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو نے دو دن قبل ہی کہا تھا کہ وہ اصلاحات نہیں روکیں گے۔

لیکن آج صدر آئیزیک ہرزوگ نے اسرائیلی عوام کے اتحاد کی خاطر عدالتی اصلاحات پر قانون سازی فوری روکنے کا کہا۔

صدر ہرزوگ کا کہنا تھا کہ میں پارلیمنٹ کے تمام دھڑوں، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک کے شہریوں کو ہر بات سے افضل سمجھیں۔

انہوں نے کہا کہ مزید دیر کیے بغیر ذمہ داری اور حوصلے کا مظاہرہ کریں، اپنے ہوش میں آئیں، یہ کوئی سیاسی لمحہ نہیں ہے، یہ قیادت اور ذمہ داری دکھانے کا لمحہ ہے۔

صدر ہرزوگ کی طرف سے یہ اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی جب گزشتہ رات وزیراعظم نیتن یاہو نے وزیر دفاع یواف گیلینٹ کو برطرف کیا جس کے بعد ملک میں احتجاجی مظاہروں میں اضافہ ہوگیا۔

وزیر دفاع نے کہا تھا کہ اگر اتحادی جماعتوں نے وسیع اتفاق رائے نہیں لیا تو وہ عدالتی اصلاحات کی حمایت نہیں کریں گے۔