شاداب نوجوان پلیئرز سے متاثر، تیسرے میچ میں کم بیک خوش آئند قرار، ٹی 20 وکٹوں کی سنچری مکمل

March 29, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف سو وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنا خواب معلوم ہوتا ہے۔ پاکستان کے لیے کھیلنا ایک خواب تھا اور اب وکٹوں کی سنچری مکمل کرنا بھی خواب جیسا لگ رہا ہے، ٹی20 میں پہلا پاکستانی بننے میں سرخرو ہوا ہوں جس نے یہ اعزاز پایا ہے۔ اس کارنامے پر بہت زیادہ خوش ہوں اور خواہش ہے کہ یہ خواب اسی طرح جاری رہے اور پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل اور شارجہ کی کنڈیشنز میں بہت فرق تھا، اس کے باوجود نئے لڑکوں نے اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کی، ابتدائی دو میچز میں کی جانے والی غلطیوں سے سیکھ کر تیسرے میچ میں زبردست طریقے سے کم بیک کیا جو بہت خوش آئند ہے، اس سیریز سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہوگا جو مستقبل میں ان کے کام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ احسان اللہ پاکستان کی پیس بیٹری میں بہترین اضافہ ہے اور اس سیریز میں احسان نے بہت متاثر کیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور وسیم جونیئر کے ساتھ احسان اللہ کی موجودگی سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔ شاداب خان نے کہا کہ قوم چاہ رہی تھی کہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے نوجوان کرکٹرز کو موقع ملنا چاہیے کیوں کہ وہ اچھے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتے ہیں، کنڈیشنز بہت مختلف تھیں، کوئی بھی ٹیم ہوتی تو شاید اس طرح کی بولنگ کے مقابل مشکل محسوس کرتی۔ شاداب خان نے شارجہ میں افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں عثمان غنی کو آؤٹ کرکے اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔ واضح رہے کہ شاداب خان پاکستان کے پہلے بولر ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 100 یا زائد وکٹیں لیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے مجموعی طور پر ساتویں بولر ہیں ۔شاداب خان نے یہ سنگ میل اپنے کیریئر کے 87 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں عبورکیا، وہ کہتے ہیں کہہم سیریز کو کامیابی کے ساتھ ختم کرنا چاہتے تھے۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کپتان شاداب خان پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے، انہوں نے مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دریں اثنا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں ایک سووکٹیں مکمل کرنے پرشاہد آفریدی نےشاداب خان کومبارکباد دی ہے انہوں نے لکھامبارک شاداب، آپ نے میراریکارڈ توڑ دیا، آپ پاکستان کےلئے بہترین پرفارمنس دے رہےہیں، آپ کی مزید کامیابی کے لئے دعاگوہوں، تیسرے میچ میں پاکستان نے زبردست کامیابی حاصل کی ، خوشی ہوئی کہ احسان اللہ اورصائم ایوب نے اپنا ٹیلنٹ دکھایا ، ہمیں ہمارے نوجوانوں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ ان سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ شاہد آفریدی کا تھا۔ شاہد آفریدی نے 98 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 97 وکٹیں حاصل کی تھیں۔