اکشے کمار فلم انڈسٹری کو نئے سرے سے بنانے کے خواہشمند

March 30, 2023

فائل فوٹو

بھارتی سینئر اداکار اکشے کمار نے بالی ووڈ انڈسٹری کو نئے سرے سے بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اداکار اکشے کمار نے بھارتی دیسی گرل، اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے بالی ووڈ پر تعصب پسندی کا الزام لگانے کے بعد فلم انڈسٹری کو نئے سرے سے بنانے سے متعلق بات کی ہے۔

اکشے کمار نے بھارتی میڈیا ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈسٹری میں کیا ہو رہا ہے، دنیا بہت بدل چکی ہے، میرے خیال میں شائقین اب کچھ نیا اور مختلف دیکھنا چاہتے ہیں، ہمیں اس بارے میں سوچنا چاہیے اور فلم شائقین کو اُن کی پسند کی چیز دکھانی چاہیے، یہ ہماری غلطی ہے کہ سینما میں شائقین نہیں آ رہے۔

انہوں نے اپنے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ انڈسٹری تبدیلی مانگ رہی ہے اور میں نے اپنی طرف سے اس پر کام بھی شروع کر دیا ہے۔

اکشے کمار کا کہنا تھا کہ بہت ساری تبدیلیاں کرنا باقی ہیں جنہیں اب تک ہو جانا چاہیے تھا، یہ ناصرف اداکاروں بلکہ پروڈیوسرز کی بھی ذمہ داری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ میری فیس میں سے 30 سے 40 فیصد کٹوتی کر لیں کیوں کہ عوام کے پاس تھیٹر، فلم اور انٹرٹینمنٹ پر لگانے کے لیے اتنے پیسے نہیں ہیں، فلم کے ٹکٹس کو کم کرنا ہوگا، پروجیکٹس پر لگنے والے پیسے کو بھی ایک حد میں لانا چاہیے اور معیاری چیز دکھانی ہوگی۔