ایشیا کپ کیلئے پاک بھارت تنازعے کے دوران شاہ رخ خان کا پرانا بیان وائرل

April 01, 2023

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں پاکستانی کرکٹرز کی تعریفیں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے پاکستان اور بھارت میں ایک دوسرے کے ملک میں نہ جاکر کھیلنے کی باتیں کی جارہی ہیں اور اسی دوران انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو 2010 کی ہے جس میں کنگ خان پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شمولیت کی وکالت کرتے نظر آتے ہیں اور انہیں دنیا بھر میں ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ چیمپئنز ہیں۔

ویڈیو میں کنگ خان نے اپنی آئی پی ایل ٹیم ’کولکتہ نائٹ رائیڈرز‘ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے دباؤ کا ذکر بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عبدالرزاق کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتا تھا لیکن نیلامی سے قبل ہی اس کا تذکرہ اخبارات میں ہونے لگا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں ان کی ٹیم میں وسیم اکرم سمیت 5 کھلاڑی تھے جس کی وجہ سے ان پر تنقید کی گئی کہ ان کی ٹیم میں بہت سے کھلاڑی پاکستانی ہیں۔

کنگ خان نے بتایا کہ پاکستان کے 11 کرکٹرز آئی پی ایل کی نیلامی کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے تھے لیکن آخر میں ان میں سے کسی ایک کو بھی نہیں لیا گیا۔

انہوں نے اس کو شرمندگی کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت ’کے کے آر‘ ٹیم کے مالک یہ میرے لیے شرمندگی کا باعث ہے کہ ہم سیاسی کشیدگی کی وجہ سے کسی ایک ملک کی ٹیم کے کھلاڑیوں، جو سب سے بہترین ہیں، کو ٹیم میں شامل ہی نہ کریں۔

انہوں نے اس وائرل ویڈیو کے اختتام میں نوجوان مداحوں سے کہا کہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھیں، ان نفرتوں کو ختم کریں انہیں مزید نہ بڑھائیں، ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے پڑوسی کی طرح رہیں۔