چین کے شہر شینیو کا ’نیچر کمیونٹی سینٹر‘

May 21, 2023

تخلیقی صلاحیت، جدّت طرازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور افراد کے طرزِ زندگی، کاروبار کی پائیدار ترقی اور سماجی بہتری میں مدد کرتی ہے۔ چین نے اپنے شہریوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر میںتخلیقی کمیونٹی سینٹرز بنائے ہیں۔

اس سے لوگوں کو ایسی جگہ اور سہولیات میسر آتی ہیں جہاںانھیں میل جول اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے ہم خیال لوگوں کے ساتھ نئے تعلقات استوار کرنے میں مدد ملے۔ ان سینٹرز کی نگرانی مقامی کمیٹیاں کرتی ہیں، جو عوام کے لیے سماجی سرگرمیوں کے منتظم اور اتھارٹی ایجنٹ کے طور پر کام کرتی ہیں۔

مقامی حکومتیں چین میں کمیونٹی سینٹرز کو فنڈ دیتی ہیں، جو حکومتی پالیسیوں سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔ چین میں انفرادی اور حکومتی سطحوں پر اقتصادی اور سماجی اثرات کو بڑھانے کے لیے کمیونٹی سینٹرز بنانے کے بہت زیادہ مطالبات ہیں۔ یہیوجہ ہے کہ چین کے مختلف شہروں میں کمیونٹی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جو مختلف مقاصد، سیاق و سباق اور اہداف کے ساتھ چلائے جارہے ہیں۔

شینیو نیچر کمیونٹی سینٹر

چین کے صوبے جیانگزی کے شہر شینیو کی جنوب مغربی جانب شہر کی ہلچل سے دور پہاڑیوں، جنگلوں، کھیتوں اور Xiannvجھیل سے گھرا ہوا نیچر کمیونٹی سینٹر بنایا گیا ہے۔ فطرت کا تجربہ اس تعمیراتی منصوبے کے مجموعی ڈیزائن کا حصہ ہے، جو آنے والے سیّاحوں کو فطرت کے تجربات، عوامی خدمات اور زندگی کا خالص تجربہ فراہم کرتا ہے۔

بنیادی ڈیزائن چیلنج لینڈاسکیپ کی حفاظت اور قدرتی زمین پر کم سے کم تعمیراتی کام کو برقرار رکھتے ہوئے عمارت کے لیے ایک بڑی جگہ کو حاصل کرنا تھا۔ اس عمارت کی تعمیر کی ذمہ داری آرکیٹیکٹ فرم مونوآرکی (MONOARCHI) کے ذمہ تھی۔ 2001ء میں فرم نے 2800اسکوائر میٹر رقبے پر اس نیچر کمیونٹی سینٹرکی تعمیر مکمل کی۔

اندرونی حصہ

عمارت کے اندر بھی اسٹیل کا ڈھانچہ عمارت کے پورے در و دیوار کو سہارا دیتا ہے۔ اندرونی حصے میں جس جگہ چھت کھلی ہوئی ہے، غیر منقطع شکل کے ساتھ مل کر ایک تھیٹر کا منظر پیش کرتی ہے۔ فرنیچر کی ترتیب جزیرے کی شکل پر بنائی گئی ہے۔ عمارت کے اندر درخت خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں، جو فن تعمیر اور فطرت کے درمیان تعلق کو ظاہر کرتے ہیں۔

عمارت کے اندر لگے پھول پودوں کے گرد لکڑی کی خوبصورت بینچیں بنائی گئی ہیں تاکہ آنے والے یہاں بیٹھ کر منظر سے راحت حاصل کرسکیں۔ فرش کی تعمیر کے لیے ماربل اور لکڑی کا استعمال کیا گیا ہے جو عمارت کو مزید دلکش بناتی ہیں۔ شینیو نیچر کمیونٹی سینٹر نئے، عمیق فطرت کے تجربات اور عوامی خدمات متعارف کرواتا ہے، جس میں ایک معلوماتی مرکز، کیفے، بک شاپ، کانفرنس رومز اور کیٹرنگ کی سہولتیں شامل ہیں۔

قدرتی اشکال کی بازگشت

سائٹ کی کئی تحقیقات اور ورکنگ ماڈل میں مسلسل تطہیر کے بعد بالآخر دو پہاڑیوں کے درمیان ایک ہموار جگہ مل گئی، جو شمال جنوبی سمت کے ساتھ دونوں طرف کی ڈھلوانوں سے جڑی ہوئی تھی۔ اس عمارت کی لمبائی کو قدرتی ماحول کو متاثر کرنے سے بچانے کے لیے، عمارت کو لینڈاسکیپ کے ساتھ اس طرح بنایا گیا ہے کہ درختوں کو عمارت کے اندر ہی سمو لیا گیا ہے لیکن ان کے اوپر کوئی چھت تعمیر نہیں کی گئی تاکہ یہ درخت فطرت سے جڑے رہیں۔

نیچر کمیونٹی سینٹر کا تعمیراتی ڈھانچہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے لینڈ اسکیپ میں ضم ہو جاتا ہے اور شیشے کی دیواروں کے ذریعے فن تعمیر اور فطرت کے درمیان ایک علامتی تعلق کا جشن مناتا ہے، جو باہر کے قدرتی مناظر کو عمارت کے اندر محسوس کرنے کا ذریعہ پیدا کرتی ہے۔ عمارت کی ظاہری شکل کے لیے چاندی جیسی سفید المونیم دھات کا استعمال کیا گیا ہے، جو جھیل اور پہاڑوں سے آنے والی روشنی کو منعکس کرتی ہے اور غیر منقسم چھت خوبصورتی سے آس پاس کے خطوں کی نقل کرتی معلوم ہوتی ہے۔

عمارت اور فطرت کے درمیان علامتی تعلق

بیرونی مناظر کو اندرونی حصے کے ساتھ مربوط کرتے ہوئے، عمارت کی چھت ملحقہ کھیتوں اور حوض تک کھلتی ہے جبکہ شفاف شیشے کی دیوار اندر اور باہر کے درمیان حدِّ فاصل ہے۔ دریں اثناء، تعمیراتی سائٹ پر پہلے سے موجود درختوں کو محفوظ اور مربوط کیا گیا ہے تاکہ وہ عمارت سے آزادانہ طور پر گزر سکیں، جو فن تعمیر اور فطرت کے درمیان علامتی موضوع کو ظاہر کرتے ہیں۔

چھجے کا 6میٹر کا نچلا کنارا لینڈ اسکیپ کو مزید خوبصورت بناتا ہے تاکہ سیّاحوں کو مختلف زاویوں سے دلکش نظارے پیش کیے جا سکیں جبکہ علاقے کے برساتی موسمی حالات کا جواب دیتے ہوئے سیّاحوں کو کھیتوں سے اٹھتی مٹی کی تازہ خوشبو میں سانس لینے کا موقع مل سکے۔ خوبصورتی سے تعمیر کردہ خم دار المونیم چھت مغرب میں زمین کی طرف ڈھلتی ہے، جو عمارت کا مرکزی دروازہ بنانے کے لیے صرف ایک مقام پر اوپر کی جانب ہے۔

اس طرح باہر سے اندرونی حصے کا مکمل نظارہ نہیںکیا جاسکتا اور یہ چیز اسے دیکھنے والوں کے لیے ایک پراسرار خانہ بناتی ہے۔ عمارت کے احاطے میں سوئمنگ پول بھی بنایا گیا۔ رات کے وقت جب برقی روشنیاں جگمگاتی ہیں تو پہاڑوں، جھیل اور درختوں میں گِھرے شینیو نیچر کمیونٹی سینٹر کی خوبصورتی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے، جس سے ایک سحر طاری کردینے والا ماحول تخلیق ہوتا ہے۔