سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے والے مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق

May 20, 2023

سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے والے ایک اور مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پمز کے ماہرین انفیکشیئز ڈیزیزز کے مطابق مکہ سے آج اسلام آباد پہنچنے والی خاتون لیب ٹیکنیشن منکی پاکس کی مریضہ نکلی۔

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے شعبہ انفیکشیئز ڈیزیزز کی سربراہ ڈاکٹر نسیم اختر کے مطابق منکی پاکس سے متاثرہ خاتون کا آئسولیشن وارڈ میں علاج کیا جا رہا ہے۔

قومی ادارہ برائے صحت این آئی ایچ اسلام آباد نے بھی 19 سالہ خاتون کے منکی پاکس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔

نیشنل ہیلتھ انسٹیٹیوٹ (این آئی ایچ) اب تک سعودی عرب سے پاکستان آئے 4 افراد میں منکی پاکس کی تصدیق کرچکا ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق اسلام آباد آنے والے تین اور کراچی آنے والے ایک فرد میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں منکی پاکس مقامی سطح پر پھیلنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔