کراچی: آج کہیں کہیں آندھی، گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان

May 29, 2023

—فائل فوٹو

محکمۂ موسمیات نے کراچی کے مضافات میں آج کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ وسطی و بالائی سندھ میں برقرار ہے، جس کے تحت دادو، جامشورو، میر پور خاص اور سانگھڑ میں 31 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ میں بھی 31 مئی تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

حیدر آباد، تھر پارکر، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول میں بھی 31 مئی تک بارش ہو سکتی ہے۔

اس دوران سندھ کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ کسان موسمیاتی پیش گوئی کو مدِنظر رکھ کر اقدامات کریں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 2 روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، اس دوران درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ شہر میں مغرب اور جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں چلتی رہیں گی۔