ہالی ووڈ میں ڈیبیو کرچکی ہوں، جلد دوبارہ نظر آؤں گی، کبریٰ خان

May 29, 2023

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اور خوب رو اداکارہ کبریٰ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہالی ووڈ ڈیبیو دے چکی ہیں اور امید ہے کہ جلد دوبارہ ہالی ووڈ اسکرین پر نظر آئیں گی۔

اداکارہ کبریٰ خان نے گزشتہ دنوں نجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان اور شرکاء کے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیئے۔

میزبان نے اداکارہ سے ان کے ہالی ووڈ میں ڈیبیو کے حوالے سے سوال کیا اور کہا کہ ہالی ووڈ میں کام کا تجربہ کیسا رہا اور اب اگلی بار پھر کب نظر آئیں گی ؟

جس پر کبریٰ خان نے انکشاف کیا کہ وہ بہت جلد دوبارہ ہالی ووڈ اسکرین پر نظر آئیں گی۔

انہوں نے ہالی ووڈ میں اپنی ڈیبیو فلم کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے فلم The Conversation میں کام کیا تھا، جس میں انہوں نے ایک ایشیائی لڑکی کا کردار نبھایا تھا۔

انہوں نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ جب وہ لندن میں مقیم تھیں تو ان کے مینیجر مارکل فلیمنگزم کی کمپنی کے ذریعے مجھے مذکورہ کردار آفر ہوا تھا، فلم دی کنورزیشن میں میرا یہ کردار میرے لئے ہی لکھا گیا تھا کیونکہ ہر کوئی مجھے کہتا تھا کہ میں عام لڑکیوں کی طرح نہیں ہوں کیونکہ مجھے ویڈیو گیمز اور فائٹنگ گیمز کھیلنا بہت پسند تھا اس کے علاوہ ایڈوینچر اور کرائم فلمیں دیکھنا پسند تھیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس فلم میں بھی ایک ایسی ہی خاص ایشیائی لڑکی کی ضرورت تھی، میرے کردار کے لیے صرف ایک دن کی شوٹنگ رکھی گئی تھی، کیونکہ یہ ایک کیمیو تھا۔

خیال رہے کہ کبریٰ خان کی یہ فلم دی کنورزیشن 2018 میں ایمازون پر ریلیز کی گئی تھی۔