عوام اور فوج کے رشتے کو کمزور کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، آرمی چیف

May 29, 2023

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے افسران سے خطاب کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے روایتی، غیر روایتی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کیلئے آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔

سپہ سالار نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور فوج کے رشتے کو کمزور کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمیشہ پاکستان کے بہادر اور قابل فخر لوگوں کی مقروض ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ عوام نے فوج سے محبت کے حالیہ اظہار سے دشمن کے مذموم عزائم کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اندرونی عناصر اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے، یہ گٹھ جوڑ عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے تھا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے۔