جی ٹی وی سی کی طالبات کا مطالعاتی دورہ زکوڑی انڈسٹریز

May 31, 2023

پشاور(جنگ نیوز)گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر فار ویمن (جی ٹی وی سی) حیات آباد کی طالبات کے گروپ نے گزشتہ روز زکوڑی انڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر طالبات کو فیکٹری کے اندر ہونے والی سرگرمیوں سے روشناس کرایا گیاتاکہ وہ مختلف مصنوعات کی تیاری سے لے کر انہیں مارکیٹ تک لے جانے کے تمام مراحل سے آگاہی حاصل کرسکیں۔ اس موقع پر فیکٹری کی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے صنعتی دورے طلبہ کیلئے انتہائی اہم ہوتے ہیں تاکہ تھیوری اور پریکٹس کے مابین ربط کو بخوبی سمجھا جاسکے اور بعد میں اسے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بروئے کار لایا جاسکے۔ زکوڑی انڈسٹریز خواتین کو بااختیار بنانے پر اس سوچ کے ساتھ عمل پیرا ہے کہ اس کے بغیر ملک کسی طور بھی ترقی نہیں کرسکتاا س لئے خواتین کومنفی سوچ، فرسودہ روایات اور غیر ضروری سماجی قیود کو ختم کرکے ملکی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے قوم کا نام روشن کرنا ہوگا۔