• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹرجنرل کو عہدے سے ہٹانے کا حکومتی فیصلہ کالعدم

پشاور(نیوز رپورٹر) خیبرپختونخوا سروس ٹریبونل نے محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹرجنرل محمد عمران کو عہدے سے ہٹانے کا حکومتی فیصلہ کالعدم قراردے دیا جبکہ انہیں اپنے عہدے پر بحال کرنے کاحکم دے دیا ہے ۔ ان کی بحالی کا فیصلہ چیئرمین سروسز ٹربیونل بیرسٹر اختیار خان اور رکن رشیدہ بانو نے جاری کیا ہے ،ڈی جی محکمہ اطلاعات محمد عمران کو صوبائی حکومت نے 22 نومبر 2024 کو او ایس ڈی (آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی) بنا کر انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھاجس کے خلاف انہوں نے متعلقہ محکمہ کے روبرو محکمانہ اپیل دائر کی تاہم مقررہ مدت یعنی 90 روزگزرنے کے باجود ان کی اپیل پرکوئی فیصلہ نہیں دیا گیا جس کے بعد انہوں نے محمد فرقان یوسفزئی ایڈوکیٹ کی وساطت سے سروس ٹربیونل میں اپیل دائر کی۔دوران سماعت محمد عمران کے وکیل نے ٹریبونل کو بتایاکہ اس کا موکل گریڈ20کا آفیسر ہے جسے چند ماہ بعد ہی عہدے سے ہٹاکر ایک جونیئر آفیسر کواس پوسٹ پر تعینات کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ ابھی تک ان کے موکل کو یہ بھی نہیں بتایا گیاکہ اسے آخر کیوں اوایس ڈی بنایاگیا، اس حوالے سے کوئی جواز پیش نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ محمد عمران کو دوسالہ مدت پوری ہونے سے قبل نہیں ہٹایاجاسکتا اور اس ضمن میں اختیارات سے تجاوز کیا گیا ہے ۔ٹربیونل نے دلائل مکمل ہونے پر صوبائی حکومت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیااورانہیں عہدے پر بحال کرنے کاحکم دے دیا ہے ۔