پشاور(نامہ نگارخصوصی) زرعی یونیورسٹی پشاور کے شعبہ ایگرانومی کے زیر اہتمام " Climate-Smart Solutions for Food Security, Sustainable Agriculture, Seed Production, and Storage" کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس کی سرپرستی وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت کر رہےتھے،کانفرنس میں چین کے بیجنگ انجینئرنگ ریسرچ سینٹر فار ہائبرڈ ویٹ سے تعلق رکھنے والے ممتاز سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ژاؤ چانگ پنگ اور پروفیسر ڈاکٹر ژانگ شینگ چوان کے علاوہ انڈونیشیا کی یونیورسٹی آف محمدیہ سے پروفیسر ڈاکٹر دیاہ ہیرمیانت اور ڈاکٹر رائے ہینڈرکو ستیوبودی نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ملکی اور غیر ملکی جامعات، تحقیقی اداروں، اور دیگر اداروں سے اساتذہ، محققین اور طلباء نے بھی بھرپور شرکت کی۔کانفرنس میں تقریبآ 200 سے زائد شرکاء نے رجسٹریشن کرائی، 45 تحقیقی خلاصے جمع کروائے گئے، اور 25 بصیرت افروز پیشکشیں کی گئیں۔ یہ کانفرنس علمی تبادلہ اور باہمی تعاون کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔ زیر بحث موضوعات میں موسمیاتی لچکدار زراعت، بیج کی پیداوار کی ٹیکنالوجیز، مائیکرو پلاسٹک کی آلودگی، غذائی اجزاء کا انتظام، ڈیجیٹل فارمنگ، حیاتیاتی تنوع، اور فصل کے بعد کی جدید اختراعات شامل تھیں۔چیف آرگنائزرز پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف اور ڈاکٹر شازمہ انور نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کانفرنس کے انعقاد کے مقاصد پیش کئے۔وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی پشاور کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وقتاً فوقتاً مختلف موضوعات پر ملکی اور بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد کررہی ہے، جس سے عوام کافی آگاہی حاصل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی پشاور ہمیشہ زرعی تعلیم اور تحقیق میں سب سے آگے رہی ہے۔ یہ کانفرنس تعلیمی و تحقیقی ترقی، سائنسی تعاؤن، کسانوں اور خوراک کے نظام کی اہم ضروریات کو پورا کرنے کے لئے عملی حل کو فروغ دینے کی طرف ایک اور احسن قدم ہے۔