• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق اولپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے واک

پشاور (خصوصی نامہ نگار) بھارت کے بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دینے پر خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن اور پشاور کے کھلاڑیوں نے افواج کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کیساتھ اظہار یکجتہی کے لئے پشاور سپورٹس کمپلیکس سے صدر سٹیڈیم چوک تک اظہار یکجہتی واک کا انعقاد کیا جس کی قیادت سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے کی، خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ہارون ظفر، سابق عالمی چیمپئن سکواش لیجنڈ قمر زمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس شاہ فیصل، الیاس آفریدی، ذوالفقار بٹ، کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کی۔ ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پاک افواج کو خراج تحسین کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ واک سے خطاب کرتے ہوئے سید عاقل شاہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان سے پنگا لیکر اپنی موت کے پروانے پر دستخط کئے یہ 1965 اور نہ 1971 بلکہ 2025 ہے اب بھارت کو کسی صورت بھاگنے نہیں دیں گے ہمیں اپنی افواج پر ناز ہے اور وہ ہمیں مایوس نہیں کریں گی اور ہر محاذ پر ڈٹ کر بھارت کامقابلہ کرکے پاکستان کا نام سربلند کریں گی۔ انہوں نے پاکستانی افواج کے بروقت شاندار جوابی حملے کو تاریخی فتح قرار دیا اور کہا کہ ایک ہی دن میں بھارت کا سارا غرور زمین بوس ہوگیا پاک افواج ہر لحاظ سے قابل تحسین ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت پتہ نہیں کس قسم کے خواب دیکھ رہا تھا کہ پاکستان کو ڈرا دے گا مگر ہماری افواج نے ایک ہی رات میں اس کی ہوا نکال دی ہے بھارت اب پاکستان پر حملے کرنے کے حوالے سے سو نہیں ہزار مرتبہ سوچ کر بھی حملہ کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔