شو میں مدعو نہ کرنے پر عامر خان کا کپل شرما سے شکوہ

May 31, 2023

فوٹو، بھارتی میڈیا

مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے کامیڈین کپل شرما سے شو میں مدعو نہ کرنے پر شکوہ کردیا۔

حال ہی میں عامر خان نے فلم ’کیری آن جٹا 3‘ کے ٹریلر لانچ کے لیے منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی جہاں کپل شرما بھی موجود تھے۔

اُنہوں نے اس تقریب میں انکشاف کیا کہ میں کپل شرما کا بہت بڑا مداحہوں کیونکہ انہوں نے میری بہت سی شاموں کو رنگین بنایا، مجھے بہت ہنسایا اور میں نے انہیں چند ہفتے پہلےفون کرکے اتنے لوگوں کو ہنسانے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

اُنہوں نے کپل شرما سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ہنسانا بہت بڑی بات ہے، میں آپ کے سب سے بڑے مداحوں میں سے ایک ہوں لیکن میں آپ سے یہ بھی پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ نے مجھے کبھی اپنے شو میں کیوں نہیں بلایا؟

عامر خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں کپل شرما سے یہ اس لیے پوچھ رہا ہوں تاکہ اس سے پہلے کہ یہ مجھ سے کچھ کہے تو میں ان سے ایک قدم آگے رہوں۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں آج کل کم کام کرتا ہوں اور اپنے گھر والوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارتا ہوں، اس لیے ہر شام مجھے کچھ ایسا دیکھنے میں مزہ آتا ہے جس میں کامیڈی ہو۔


اُنہوں نے مزید کہا کہ اس لیے ہر رات کو میں سونے سے پہلے ایسا کچھ نہ کچھ لازمی دیکھتا ہوں اور پچھلے کچھ مہینوں سے میں کپل کا شو دیکھ رہا ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں ان کا اتنا بڑا پرستار بن گیا ہوں۔

عامر خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ جب کپل شرما اسٹیج پر آئے تو انہیں دیکھ کر میرے چہرے پر مسکراہٹ آ گئی۔

کپل شرما نے عامر خان کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کئی بار عامر خان کو اپنے شو میں مدعو کرنے کی کوشش کی لیکن یہ ہر دفعہ اپنی مصروفیات کی وجہ سےٹالتے رہے۔

اُنہوں نے عامر خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہوگی اگر آپ ہمارے شو میں آئیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں جب بھی عامر بھائی سے ملا ہوں ایسے ہی بھیڑ میں ملا ہوں اور میں نے ان سے کئی بار درخواست کی لیکن انہوں نے ہمیشہ یہ کہہ کر ٹال دیا کہ ابھی وہ کہیں اور جا رہے ہیں اور پھر واپس آنے پر ہم بات کریں گے اور اس طرح پھر ہماری 3 سال بعد ملاقات ہوتی ہے۔

عامر خان نے کپل شرما کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے فلم کی پروموشن کے لیے مدعو کیا تھا لیکن میں فلم پروموشن کے لیے نہیں بلکہ انٹرٹینمنٹ کے لیے آپ کے شو میں آنا چاہتا ہوں۔