عامر خان نے مونچھیں اور بال بڑھانے کی وجہ بتادی

May 31, 2023

عامر خان، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنے نئے انداز کے حوالے سےتجسس میں مبتلا مداحوں کو وضاحت دے دی۔

عامر خان نے حال ہی میں نئی پنجابی فلم ’کیری آن جٹا 3‘ کے ٹریلر لانچ کے لیے منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی۔

اُنہوں نے اس تقریب کے دوران اپنے نئے انداز کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دیکھئے آج تو ہمیں صرففلم ’کیری آن جٹا‘ کے بارے میں بات کرنی چاہیئے لیکن اگر آپ لوگ مجھے ایسے دیکھ کر تجسس میں مبتلا ہیں تو میں جلدی سے جواب دے دیتا ہوں کہ ابھی میں نے کوئی فلم سائن نہیں کی ہے۔


اُنہوں نے کہا کہ اس وقت میں فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہ رہا ہوں اور اسی بات سے میں خوش بھی ہوں، جب میں جذباتی طور پر فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہوجاؤں گا تب ہی میں کسی فلم میں کام کروں گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میری مونچھیں اور بال صرف اس لیے بڑھے ہوئے ہیں کیونکہ ابھی میں اپنے بال کٹوانا نہیں چاہتا۔

عامر خان نے ٹریلر لانچ کے موقع پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا بھی ڈالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔