احد رضا میر کی نئی تصویر سوشل میڈیا صارفین کے مابین جھگڑے کا سبب

June 02, 2023

تصویر بشکریہ انسٹاگرام

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی معروف اداکار احد رضا میر نے اپنے نئے بین الاقوامی پروجیکٹ کی پہلی جھلک اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کردی، جو ان کے مداحوں کے درمیان جنگ کا سبب بن گئی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار احد رضا میر نے اپنی نئی برطانوی ویب سیریز ’ورلڈ آن فائر‘ کے سیزن 2 سے تصویر شیئر کی، جو کہ رواں سال 15 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس تصویر میں احد رضا میر ملٹری یونیفارم زیب تن کیے ہوئے ہیں، جبکہ ان کے چہرے پر بھی نشانات واضح ہیں۔


احد رضا میر کی جانب سے شیئر کی گئی اس تصویر پر کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے جہاں ان کے مداحوں نے انہیں اس پروجیکٹ پر مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا وہیں ان کی ساتھی فنکارہ رمشا خان کی جانب سے دی جانے والی نیک خواہشات سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

خیال رہے کہ احد رضا میر کسی پاکستانی پروجیکٹ میں آخری بار گزشتہ برس رمضان اسپیشل ڈرامہ سیریز ’ہم تم‘ میں دکھائی دیے تھے۔ اس سیریز میں ان کے مدمقابل اداکارہ رمشا خان تھیں، ان کی جوڑی کو ناظرین نے بے پناہ پسند کیا تھا۔

تاہم اب رمشا خان کی جانب سے احد رضا میر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار، اس جوڑی کے مداحوں اور احد رضا میر اور سجل علی کی جوڑی کے مداحوں کے درمیان جنگ کی وجہ بن گیا۔

کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے رمشا خان اور احد رضا میر کی جوڑی کے مداح بے پناہ خوش دکھائی دیئے اور ان سے ایک بار پھر ایک ساتھ کام کرنے کی التجاہ کرتے دکھائی دیئے۔

تاہم دوسری جانب احد رضا میر اور سجل علی کی جوڑی کے مداح غصے میں دکھائی دیئے اور رمشا خان کو کوستے رہے۔

خیال رہے کہ احد رضا میر 6 اقساط پر مبنی اس سیریز میں برٹش انڈین آرمی کے رہنما رجب کے کردار میں، لٹل مرمیڈ اسٹار جونا ہور کنگ کے ساتھ دکھائی دیں گے۔