لیونل میسی کا ’مستقبل‘ بارسلونا میں واپسی یا سعودی کلب سے معاہدہ؟

June 02, 2023

فائل فوٹو

مشہور فٹبالر لیونل میسی ہفتے کو فرانسیسی کلب پی ایس جی کی طرف سے اپنا آخری میچ کھیلیں گے تاہم ان کے مستقبل کے حوالے سے ابھی سے ہی مختلف آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 35 سالہ لیونل میسی کو اپنے سابق کلب بارسلونا میں واپسی کا فی الحال کوئی اشارہ نہیںملا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے انہیں کوئی آفر کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بارسلونا کے منیجر ژاوی ہرنینڈس لیونل میسی کی واپسی پر زور دے رہے ہیں لیکن اسٹار فٹبالر کی طرف سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ انہیںبارسلونا کلب کی طرف سے فی الحال کوئی پیشکش موصول نہیں ہوئی ہے۔

ژاوی ہرنینڈس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر میسی واپس آتا ہے تو وہ فٹبال کی سطح پر ہماری مدد کرے گا اور میں نے صدر کو یہ بتا دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسپینش فٹبال لیگ کے صدر زیویئر ٹیباس اپریل میں کہہ چکے ہیںکہ لیونل میسی کی بارسلونا میں واپسی مشکل لگتی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بارسلونا اس وقت لالیگا کے مالیاتی منصوبے کی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال ارجنٹینا کو قطر میں فٹبال ورلڈ کپ جتوانے والے لیونل میسی نے 13 سال کی عمر میں بارسلونا کلب سے کھیلنا شروع کیا تھا جس کے بعد 2021 میں وہ اپنی طویل وابستگی ختم کر کے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین سے جڑ گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق لیونل میسی نے 2021 میں پی ایس جی کے ساتھ 2 سال کا معاہدہ کیا تھا جو رواں برس ختم ہو جائے گا۔

دوسری جانب حالیہ دنوں میں لیونل میسی کو سعودی کلب الہلال کی جانب سے بھی بہت بڑی مالیت کے معاہدے کی پیشکش کی خبریں سامنے آئی تھیں جبکہ لیونل میسی گزشتہ ماہ اہلِ خانہ کے ہمراہ چھٹیاں منانے سعودی عرب بھی گئے تھے۔