علی ظفر سیاست میں قدم رکھنے والے ہیں؟

June 02, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ اداکار، ماڈل اور گلوکار علی ظفر نے سیاست میں قدم رکھنے کے حوالے سے گردش کرتی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ورسٹائل گلوکار علی ظفر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ایسی تمام گردشی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ علی ظفر سیاست میں انٹری دینے والے ہیں۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھ سے چند خبروں کے فیس بُک لنک شیئر کئے گئے جن کے مطابق میں سیاست یا سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا ہوں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’مں ایک بار پھر دہراتا ہوں کہ میں نہ تو سیاست میں قدم رکھ رہا ہوں اور نہ ہی میرا ایسا کوئی ارادہ ہے، اس لئے براہ کرم ایسی کسی بھی فیک نیوز پر یقین نہیں کیجئے‘۔

علی ظفر نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے مذاق میں لکھا کہ ’یار… خدا کا واسطہ ہے، اپنا کام ٹھیک طرح کریں، اتنی بُری ایڈیٹنگ‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کینیڈا میں منعقدہ ایک کنسرٹ سے گلوکار کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی۔ اس تصویر میں ان کی جیکٹ توجہ کا مرکز بنی، جس پر مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات بنے ہوئے تھے۔

اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ گلوکار سیاست میں آنے والے ہیں تاہم اس وقت بھی علی ظفر نے ایسی تمام خبروں کی تردید کی تھی تاہم یہ خبریں اب ایک بار پھر سر اُٹھانے لگیں تھی جنہیں گلوکار نے پھر سے مسترد کر دیا ہے۔