فلم ’باغبان‘ دیکھ کر سلیم خان نے سلمان خان کی پرفارمنس میں کیا نقص نکالا تھا؟

June 02, 2023

2003 میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’باغبان‘ اُن کے والد، سلیم خان کو کچھ خاص نہیں بھائی تھی۔

1988 میں بالی ووڈ میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے سلمان خان نے مختلف قسم کے کردار ادا کیے ہیں۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے بھائی، سلمان خان نے فلم ’باغبان‘ میں الوک نامی کردار ادا کیا تھا جسے دیکھ کر اُن کے والد سلیم خان بیٹے سے یہ پوچھنے پر مجبور ہو گئے تھے کہ ’ آپ اندھے کیوں لگ رہے ہیں؟‘

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کا اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ اُنہیں اس فلم میں دی گئی پرفارمنس پر کئی اچھے کمنٹس ملے تھے مگر اُنہیں معلوم تھا کہ اُنہوں نے اس کردار کے ساتھ انصاف نہیں کیا ہے۔

سلمان خان کا اپنے کردار ’الوک‘ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اُن کا یہ کردار اچھا نہیں رہا تھا، اُنہیں اس کردار پر سراہا جا رہا تھا مگر اُن کا خیال تھا کہ وہ اسے ادا کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں اور اُن کی اس کمزوری کو اُن کے والد نے پکڑ لیا تھا۔

سلمان خان نے بتایا کہ یہ فلم دیکھ کر اُن کے والد کا اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اس کردار میں بہت خوفناک اور اندھا نظر آرہا ہوں، والد کا میرے اس کردار سے متعلق کہنا تھا کہ میں اس میں خوبصورت نہیں بلکہ مصنوعی لگ رہا ہوں۔

یاد رہے کہ فلم ’باغبان‘ میں سلمان خان نے ایک یتیم لڑکے ’ الوک ملہوترا‘ کا کردار ادا کیا تھا جسے فلم میں مرکزی کرداروں (امیتابھ بچن اور ہیما مالنی) نے اپنے پانچویں بیٹے کے طور پر اپنایا تھا۔