نورا فتحی ماضی کی کس مشہور اداکارہ کا کردار ادا کرنے کی خواہشمند ہیں؟

June 02, 2023

نورا فتحی، فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف ڈانسر واداکارہ نورا فتحی نے ماضی کی مشہور بالی ووڈ فلم ’شعلے‘ کی اداکارہ ہیلن کی زندگی پر بننے والی کسی بھی فلم کا حصّہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

نورا فتحی ماضی کی مشہور اداکارہ ہیلن کی بہت بڑی مداح ہیں اور حال ہی میں اُنہوں نے ابوظہبی میں منعقد ہونے والے ایک ایوارڈ شو میں سینئر بھارتی اداکارہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

اداکارہ ہیلن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نورا فتحی نے ان کے مشہور گانے’آج کی رات‘ اور’پیا تو‘ پر 10 منٹ کی شاندار پرفارمنس دے کر تمام شرکاء کے دل جیت لیے۔

اُنہوں نے ایوارڈ شو میں اپنی پرفارمنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس پرفارمنس کے لیے ان گانوں کی تمام ویڈیوز کا صحیح طریقے سے مطالعہ کیا، یہاں تک ڈانس کے ہر چھوٹے سے چھوٹے اسٹیپ پر بہت غور کیا۔

اس انٹرویو کے دوران جب نورا فتحی سے پوچھا گیا کہ ’اگر آپ کو ہیلن کی کسی بائیوپک میں کام کرنے کی آفر آئے تو کیا آپ اداکاری کریں گی؟‘

اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ’یقیناً یہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہوگی!‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میرا مطلب ہے، اگر فلمساز کبھی میرے بارے میں سوچیں تو مجھے لگتا ہے کہ ہمارے درمیان بہت مماثلت ہے تو میں ہیلن کی بائیوپک میں ضرور کام کروں گی۔

نورا فتحی نے اپنے اور ہیلن کے درمیان مماثلت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ بھارت میں ایک مختلف ملک سے آئی تھیں اور میں بھی باہر سے انڈیا آئی ہوں، ہم دونوں کے لیے ہی یہ سفر مشکل تھا کیونکہ ہمیں ڈانس کے ذریعے انڈسٹری میں متعارف کروایا گیا اور وہ بھی ڈانس کی ایک ایسی مختلف قسم سے جوکہ بالی ووڈ میں زیادہ مشہور نہیں تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ’ہم دونوں نے سینما میں ڈانس کا مطلب بدل دیا تو اگر کوئی فلمساز ہیلن کے کردار کو اسکرین پرحقیقت سے قریب تر دکھانا چاہے تو مجھے لگتا ہے کہ میں اس کردار میں خود کو ڈھال سکتی ہوں۔