بغاوت پر اکسانے کا کیس: شہباز گِل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

June 03, 2023

فائل فوٹو

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میںپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کیحاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہباز گِل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن طاہر عباس سِپرا 6 جون کو فیصلہ سنائیں گے۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ شہباز گِل کی جانب سے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، درخواست گزار وکیل کے مطابق شہباز گِل لاہور ہائی کورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز گل کی بیرون ملک جانے کی اجازت کی معیاد ختم ہو چکی ہے، وہ جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔

عدالت نے کہا کہ پراسیکیوٹر نے شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی، شہباز گل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ 6 جون کو سنایا جائے گا۔

اس سے قبل شہباز گِل کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

شہباز گِل کےوکیل مرتضیٰ طوری نے کہا کہ شہباز گِل فی الوقت امریکا میں ہیں، وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، حاضری سے استثنیٰ منظور کیا جائے۔

شہباز گِل کو ہائی کورٹ نے 2 ہفتوں کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی تھی، انہوں نے بیرونِ ملک قیام کی مدت بڑھانے کی عدالت میں درخواست دے رکھی ہے۔

پراسیکیوشن نے شہباز گِل کی آج حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کی تھی۔

جونیئر وکیل نے پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے آنے تک سماعت میں وقفے کی استدعا کی تھی۔

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت میں 12:30 بجے تک وقفہ کیا تھا۔