وہاج علی نے بھارتیوں کے دل جیت لیے

June 05, 2023

فائل فوٹو

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں دن بہ دن شہرت کی بلندیاں سَر کرنے والے وہاج علی نے سوشل میڈیا پر بھارتی مداح کا شکریہ ادا کر کے کروڑوں دل جیت لیے۔

جیو انٹرٹینمنٹ کے آن ایئر بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے اداکار وہاج علی نے بھارتی مداحوں کو ناصرف اداکاری بلکہ اخلاق سے بھی اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔

وہاج علی کی بھارتی مداح، معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر منیشا مرودیا براجاپاتی عرف منو نے وہاج کا اسکیچ بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور ساتھ میں اداکار کو ٹیگ بھی کیا۔


منو کا اپنی اس پوسٹ میں وہاج علی کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے پسندیدہ ترین اداکار کا اسکیچ بنایا، وہ عرصہ دراز سے وہاج علی کو فالو کر رہی ہیں اور اُن کی اداکاری کی بہت بڑی معترف ہیں۔

منو نے مزید لکھا کہ بھارت میں آپ کا جنون عروج پر ہے، میں آپ کے چاہنے والوں میں سے ہوں، امید ہے میرے کام سے میری محبت آپ تک پہنچے گی، آپ کے مستقبل کے پروجیکٹس کے لیے میری تمام نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔

منو کا کہنا تھا کہ آپ کی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ کا بے صبری سے انتظار ہے۔

وہاج علی نے اپنی اس بھارتی مداح کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

وہاج علی کا شکریہ ادا کرنا تھا کہ اداکار کے مزید بھارتی مداح بھی اس پوسٹ پر اُمڈ آئے۔

اسکرین شاٹ

بھارتی شائقین نے اس پوسٹ پر وہاج علی کی اداکاری کی خوب تعریفیں کیں جبکہ ایک مداح کا کہنا تھا کہ ’آپ کے پاکستان سے زیادہ بھارت میں مداح ہیں۔‘