کوئی بابر یا رضوان سے پوچھے کہ کیا وہ ویمن کرکٹ کے میچز دیکھتے ہیں، سدرہ امین

June 05, 2023

فائل فوٹو

پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم ڈائنا مائٹس کی کپتان اور پاکستان ویمن ٹیم کی اوپنر بیٹر سدرہ امین کہتی ہیں کہ سارے ہی کھلاڑی پسند ہیں، سب ہی اچھا کھیل رہے ہیں، آج کل بابر اعظم اور محمد رضوان ہر جگہ چھائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو مین ٹیم کی کرکٹ کو بہت شوق سے دیکھتے ہیں لیکن اب کوئی صحافی بابر اعظم یا محمد رضوان سے یہ سوال پوچھے کہ کیا وہ ویمن کرکٹ کے میچز دیکھتے ہیں یا ان کو کونسی ویمن پلیئر پسند ہے۔

سدرہ امین کا کہنا ہے کہ پاکستان کپ میں ڈائنا مائٹس ٹیم کی قیادت کرنے کا تجربہ شاندار رہا، ہماری ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل تھی اس کے باوجود تمام لڑکیوں نے بھرپور ساتھ دیا، سر وسیم نے کپتانی کو بہتر کرنے میں بہت مدد کی اور اعتماد دیا۔

انہوں نے کہا کہ کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن آپ کو جتنے مواقع ملتے ہیں اس سے کچھ نہ سیکھتے ہیں، ابتداء میں کم چانس ملے لیکن میں نے اپنی کرکٹ کو بہتر کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے، اب مجھے مواقع مل رہے ہیں تو ان سے فائدہ اٹھا رہی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں سدرہ امین کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے سلیکٹرز ہی بہتر بتا سکتے ہیں لیکن پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا بہت بڑا چیلنج ہے جو بھی اس چیلنج کو قبول کرتا ہے وہ بہت آگے جاتا ہے، اگر مستقبل میں کپتانی کی آفر ہوئی تو اس وقت سوچوں گی، اس وقت تو پاکستان کپ جیتنے کی بہت خوشی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میڈیا مین کرکٹ کو مکمل سپورٹ کرتا اور ان کے میچز کی بھرپور کوریج کرتا ہے جبکہ ویمن کرکٹ کو اتنی پذیرائی نہیں ملتی، میں چاہتی ہوں کہ میڈیا ویمن کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ اور اس کی کوریج کرے تاکہ ویمن کرکٹ کو فروغ ملے۔

واضح رہے کہ ڈائنا مائٹس نے چیلنجرز کو 132رنز سے ہرا کرپاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔

کپتان سدرہ امین ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے مجموعی طور پر 269 رنز اسکور کیے۔