دل کا دورہ کس مخصوص دن پڑنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے؟

June 08, 2023

فائل فوٹو

حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پیر کے روز ہفتے کے دیگر دنوں کے مقابلے میں دل کا دورہ پڑنے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔

آئرلینڈ کے ماہرین قلب نے ساڑھے 10 ہزار سے زائد مریضوں کے ڈیٹا کا مطالعہ کرکے ایک جائزہ رپورٹ تیار کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پیر کے روز جان لیوا دل کا دورہ پڑنے کا امکان 13 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

ماہرین قلب نے اس مطالعے کے لئے امراض قلب کے ان مریضوں کا انتخاب کیا جو 2013 سے 2018 کے درمیان دورہ پڑنے کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ ان مریضوں میں (coronary artery) بلاک ہونے کی شکایت عام تھی۔

جائزے کے مطابق ان مریضوں میں ہفتے کے آغاز میں دل کا دورہ پڑنے کے کیسز سب سے زیادہ ریکارڈ کئے گئے، ان میں زیادہ تر شرح پیر کے روز ریکارڈ کی گئی اس کے علاوہ یہ شرح اتوار کے روز بھی متوقع شرح سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

محققین کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال اس رجحان کے بارے میں مزید انکشاف کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

محققین کے مطابق اس سے قبل کی گئی ایک اور تحقیق میں پیر کے روز (circadian rhythm) کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے کا امکان زیادہ تھا۔ circadian rhythm انسانی جسم کے سونے اور جاگنے کی سائکل کو کہتے ہیں۔

برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن نے اپنے مطالعے میں اس بات پر غور کیا کہ برطانیہ میں ہر سال coronary artery بلاک ہونے کے باعث دل کا دورہ پڑنے کی شکایت عام ہے اور اس کی وجہ سے ہر سال 30 ہزار سے زائد مریض پیر کے روز اسپتال میں داخل ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایسے مریضوں کی جان بچانے کے لئے ہنگامی بنیاد پر انجیو پلاسٹی کی جاتی ہے تاکہ بڑی شریان کو دوبارہ کھول کر فعال کیا جاسکے۔

محققین کے مطابق ایسے مریضوں کی سب سے زیادہ شرح پیر کے روز ریکارڈ کی گئی ہے۔