ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلئے نئی مینجمنٹ کا اعلان

June 08, 2023

علامتی فوٹو

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلئے نئی مینجمنٹ کا اعلان کردیا۔ کوچ اولمپیئن ایاز محمود اور منیجر سعید خان کو فارغ کر دیا گیا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کےلیے کرنل (ر) عمر صابر کو ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا ہے، کوچنگ پینل میں اولمپیئن ریحان بٹ، محمد ثقلین، دلاور حسین اور عبد الحسیم خان کو شامل کیا گیا ہے۔

عبدالغفور گول کیپر کوچ اور محمد شاہد فزیو تھراپسٹ ہوں گے جبکہ آرمی کے ٹرینر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

نئی مینجمنٹ کے ساتھ پی ایچ ایف نے 45 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا، جس میں جونیئر ایشیا کپ کھیلنے والی ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

ٹریننگ کیمپ 12 جون سے لاہور میں شروع ہوگا جبکہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 3 سے 12 اگست تک بھارت کے شہر چنئی میں کھیلی جائے گی۔