ای او بی آئی پینشن 10ہزار روپے کرنے کی تجویز

June 09, 2023

فائل فوٹو

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی کم سے کم پینشن 10 ہزار سے بڑھا کر 12ہزار کی جارہی ہے۔

وفاقی بجٹ 24-2023 کی تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ اسلام آباد کیپٹل ٹریٹری (آئی سی ٹی) کی حدود میں کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے کی جارہی ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ای او بی آئی کی پینشن کو 8500 روپے سے بڑھا کر 10ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقروض افراد کی بیواؤں کے 10لاکھ روپے کے قرضے حکومت ادا کرے گی جبکہ قومی بچت کے شہداء اکاؤنٹ میں ڈپازٹ کی حد 50 لاکھ روپے سے بڑھا کر 75 لاکھ روپے کی جا رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس میں بھی ڈپازٹ کی حد 50 لاکھ روپے سے بڑھا کر 75 لاکھ روپے کی جا رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی مخلوط حکومت کے مشکل فیصلوں کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے نویں جائزے کی تمام شرائط کو پورا کرلیا ہے، آئی ایم ایف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔