سینیٹر پلوشہ خان نے وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان کے خلاف سینیٹ سیکرٹیریٹ اسلام آباد میں تحریکِ استحقاق جمع کرا دی۔
سینیٹر پلوشہ خان کی تحریکِ اسحقاق کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فنڈز پر سوال کا جواب دینے کے بجائے چلانا شروع کر دیا تھا۔
تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے تضحیک اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور پلوشہ خان میں تلخ کلامی ہو گئی تھی۔
عبدالعلیم خان نے پلوشہ خان کو شٹ اپ کہا تو جواب میں پلوشہ نے انہیں یو شٹ اپ کہہ دیا۔
سینیٹر پرویز رشید کی بیچ بچاؤ کروانے کی کوششیں بھی رائیگاں گئیں، پرویز رشید سینیٹر پلوشہ خان اور علیم خان کو خاموش کرواتے رہے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے علیم خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم ہو کون اس طرح کی بات کرنے والے؟ جس کے جواب میں علیم خان بولے آپ عزت کریں گے تو آپ کی عزت ہم کریں گے۔