منی لانڈرنگ کیس، سلیمان شہباز عدالت کے روبرو پیش

June 10, 2023

فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نےمنی لانڈرنگ کیس میں عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔

لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت میںوفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ مقدمے میں سلیمان شہباز سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر بریت کی درخواستوں پر دلائل کے لیے وکلاء کو طلب کر لیا۔

شریک 3 ملزمان کے وکلاء اور پراسیکیوٹر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے کارروائی ملتوی کر دی۔

عدالت نے 24 جون تک سماعت ملتوی کر دی۔

سماعت کے دورانعدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اس کیس کا ریکارڈ کہاں پر ہے؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کا ریکارڈ پہلے چالان کے ساتھ لگا ہوا ہے۔

جج بخت فخر نے کہا کہ تمام ریکارڈ نہیں ہے، اس مقدمے کی انویسٹی گیشن کس افسر نے کی تھی۔

تفتیشی افسر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش کی تھی، مرکزی تفتیشی افسر علی مردان تھا جو آج کل کراچی تعینات ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کہاں ہے؟

تفتیشی افسر نے کہا کہ بیمار ہیں اس وجہ سے پراسیکیوٹر آج پیش نہیں ہوئے۔