• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار نے امن عمل کیلئے صدر شی جن پنگ کے 4 نکاتی تجاویز کو سراہا

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امن عمل کےلیے صدر شی جن پنگ کی 4 نکاتی تجاویز اور چین، پاکستان کے 5 نکاتی اقدام کو سراہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں اسحاق ڈار سے چین کے سفیر نے ملاقات کی، اس موقع پر برگن اسٹاک مذاکرات میں پیشرفت پر بات چیت ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق علاقائی وزرائے خارجہ اجلاس اور مسائل کے پرامن حل کےلیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے چین کی حمایت، امن عمل میں صدر شی جن پنگ کی 4 نکاتی تجاویز اور چین پاکستان 5نکاتی اقدام کو سراہا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق چینی سفیر نے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے کامیاب کردار کو سراہا اور خطے میں پائیدار امن کےلیے پاکستان کی ثالثی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق چینی سفیر نے مسائل کے حل کےلیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا جبکہ اسحاق ڈار نے امن اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے فروغ کےلیے چین سے مشاورت اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے پاک چین آل ویدر اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

قومی خبریں سے مزید