چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ تمام مذاہب نے سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان کو فوری سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ عوام میں قانون اپنے ہاتھ میں نہ لینے کا رحجان پیدا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قومی دستاویز قومی بیانیہ پر مکمل عمل کیا جائے، تمام مذہبی رہنما بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کوشش کریں گے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ دنیا میں نئی ابھرتی صورتحال کے پیش نظر مذاہب کا احترام یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان میں اقلیت کی بجائے غیر مسلم پاکستانی کا لفظ استعمال کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جبری تبدیلی مذہب روکنے کےلیے شناختی کارڈ لازمی قرار دینے کا حل طے پایا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔
ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ ہر پاکستانی مسلم و غیر مسلم سب کے لیے سزا و جزا کا برابر قانون ہونا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ قانون توہین رسالتﷺ ہونا چاہیے مگر اس کے غلط استعمال کے خلاف بھی قانون ہونا چاہیے۔