پولیس موبائل نذرآتش کیس، حلیم عادل و دیگر کیخلاف چالان پیش

October 02, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ و دیگر کے خلاف پولیس موبائل نذر آتش کرنے کے کیس کا چالان پیش کردیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں مبینہ ٹاؤن تھانے میں پولیس موبائل نذر آتش کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے کیس کا چالان اے ٹی سی میں پیش کردیا، جس میں کہا گیا کہ کیپٹن (ر) جمیل احمد، اکرم چیمہ اور عابد جیلانی کے خلاف شواہد نہیں ملے۔

چالان کے متن میں مزید کہا گیا کہ کیس میں 2 ملزمان حلیم عادل شیخ اور اسرار احمد گرفتار ہیں۔

چالان کے متن میں بتایا گیا کہ حلیم عادل نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی سندھ کا صدر ہے اور وہ اپنے قائد کےلیے تن، من اور دھن قربان کرنے کو تیار ہے۔

چالان میں بتایا گیا کہ ملزم حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وہ سر پر کفن باندھ کر جان قربان کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی سندھ کے صدر کے ہاتھ میں ڈنڈے اور پتھر تھے، وہ انہیں اٹھا کر مظاہرین کی قیادت کر رہے تھے۔

مدعی مقدمہ ڈی ایس پی جمعہ دین نے بتایا کہ 10 مئی کو سرکاری موبائل میں ابو الحسن اصفہانی روڈ پر جا رہا تھا کہ ملزمان نے میری سرکاری گاڑی کو جلایا، میں نے بھاگ کر جان بچائی۔