ایشین گیمز میں ایتھلیٹس کی شرکت کے معاملے پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) پھر سے آمنے سامنے آ گئیں۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے ایف پی کا پی او اے سے الحاق ختم ہو چکا ہے۔
پی او اے کا کہنا ہے کہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشین غیر الحاق شدہ تنظیم سے بات نہیں کر سکتی، ڈوپنگ معاملات کی خلاف ورزی پر پہلے بھی ایتھلیٹکس فیڈریشن کو معطل کیا ہے۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایشین گیمز کے لیے ایتھلیٹس کا انتخاب ڈپارٹمنٹس کی مشاورت سے کیا تھا، جن ایتھلیٹس کو منتخب کیا گیا وہ قومی چیمپئن شپ اور نیشنل گیمز کے فاتح ہیں، ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ایک فہرست اسپورٹس بورڈ کو بھیجی تھی۔
پی او اے نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ایس بی نے اے ایف پی کی فہرست ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد پی او اے کو بھیجی، ڈیذ لائن گزرنے کے بعد کسی ایتھلیٹ کو شامل نہیں کیا جا سکتا تھا، جن کو ایشین گیمز میں بھیجا گیا ہے ان ہی کو ایتھلیٹکس فیڈریشن نے انٹرنیشنل مقابلوں میں بھی بھیجا تھا۔