حماس نے 10 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا

November 28, 2023

فوٹو: فائل

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس نے 10 اسرائیلی یرغمالیوں کو انٹرنیشنل ریڈ کراس کے حوالے کردیا۔

عارضی جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کے بعد آج 10 اسرائیلی اور 30 فلسطینی قیدی رہا ہونے تھے۔

عارضی جنگ بندی کے چار دنوں میں اب تک 50 اسرائیلی اور 150 فلسطینی قیدی رہا ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 7 اکتوبر سے اب تک 231 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہید فلسطینیوں میں 59 بچے بھی شامل ہیں۔

ادھر یورپی یونین نے غزہ میں ایندھن کی فراہمی کا نیا مطالبہ کیا ہے۔

یورپی یونین کمشنر نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ میں ایندھن پر پابندیاں امداد کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

دوسری جانب غزہ میں عارضی جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ جب تک دشمن معاہدے کی پاسداری کرے گا ہم بھی معاہدے پر کاربند رہیں گے۔

حماس نے مطالبہ کیا کہ ثالث کار معاہدے کی مکمل پاسداری کےلیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دو مختلف مقامات پر 3 دھماکا خیز ڈیوائسز کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔

اسکا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی غزہ کے ایک علاقے میں فوجیوں پر فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں فوجیوں نے فائرنگ کی۔

اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ دونوں واقعات میں کئی اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔