ڈیوڈ وارنر کی آخری ٹیسٹ سیریز، شاہین آفریدی کیا سوچ رہے ہیں؟

December 03, 2023


پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہ بنانے دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

دورۂ آسٹریلیا پر موجود شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر کا کیریئر شاندار ہے، وہ تینوں فارمیٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں مگر پُرامید ہوں وہ پاکستان کے خلاف اچھا پرفارم نہیں کریں گے۔

شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان فی الحال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، امید ہے آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کینبرا میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں مگر پی ایم الیون کے خلاف میچ سیریز کی تیاری میں اہم ہوگا اور یہ میچ ٹیسٹ سیریز کی تیاری کا اچھا موقع ہے، 4 دنوں میں ہمیں ٹیسٹ کی تیاری کا موقع ملے گا۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا نے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کیا ہے مگر پاکستان ٹیم اس چیلنج کے لیے تیار ہے، پاکستان کے پاس سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کے خلاف کھیل چکے ہیں، ہم آسٹریلوی کھلاڑیوں کو جانتے ہیں، وہ ہمیشہ مضبوط انداز سے مقابلہ کرتے ہیں لیکن ہم بھی چیلنج کے لیے تیار ہیں اور اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔