اگر لڑکیوں کو ویل سیٹل جیون ساتھی کی خواہش ہو تو 45 برس کے شخص سے شادی کریں: صبا فیصل

December 05, 2023

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول سینئر اداکارہ صبا فیصل کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو اگر شادی کے لیے ویل سیٹل لڑکوں کی خواہش ہو تو وہ 45 برس کے شخص سے شادی کریں کیونکہ 25 یا 30 برس کے لڑکے خود دوسروں پر انحصار کرتے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر گفتگو کی۔

دوران شو اولاد کے نصیب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پہلے یہ دعا کرتے تھے کہ اللّٰہ تعالیٰ بیٹیوں کے نصیب اچھے کرے لیکن اب ہمیں یہ بھی دعا کرنی چاہیے کہ اللّٰہ بیٹوں کے بھی نصیب اچھے کرے۔

انہوں نے اس حوالے سے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بیٹے پورے خاندان کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اور بیٹوں کی شادی جب ہوتی ہے تو یہ ذمے داری بہو پر بھی آجاتی ہے کہ اسے گھر آگے لے کر چلنا ہوتا ہے اور یہ ایک بہت بڑی ذمے داری ہوتی ہے۔

انہوں نے اپنی بھابھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب میری والدہ بیمار تھیں تو میری بھابھی نے میری ماں کی بے انتہا خدمت کی جس کی وجہ سے میں آج ان کو ماں کا درجہ دیتی ہوں۔

انہوں نے دوران شو گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آج کل لڑکیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ جب ان کی شادی ہو تو انہیں سب کچھ مل جائے۔ انہیں یہ سوچنا چاہیے کہ جب آپ کسی نوجوان سے شادی کریں گی تو وہ خود اسٹرگل کر رہا ہوگا، وہ اسٹیبل نہیں ہوگا اور اگر انہیں ویل اسٹیبل شخص کی خواہش ہے تو پھر وہ کسی 45 برس کے شخص سے شادی کریں۔