خاتون پلاسٹک سرجری کے بعد فیس دیے بغیر اسپتال سے فرار ہوتے ہوئے پکڑی گئی

February 14, 2024


ترکیہ میں ایک خاتون پلاسٹک سرجری کے بعد بغیر فیس دیے اسپتال سے فرار ہوتے ہوئے پکڑی گئی۔

گزشتہ ہفتے پیش آنے والا یہ واقعہ استنبول کے سسلی علاقے میں ایک راہ گیر نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیا۔

انٹرنیٹ پر موجود اس مختصر کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے خاتون جو اسپتال کے لباس میں ملبوس ہیں، ڈاکٹروں اور نرسوں کی جانب سے اسپتال چھوڑ کر جانے سے روکنے پر بحث کر رہی ہیں۔

اس خاتون کا چہرہ سوجا اور مکمل طور پر بینڈجز سے لپٹا ہوا ہے، جس سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ چند گھنٹوں قبل ہی اس کی سرجری مکمل ہوئی ہے۔

لیکن اینستھسیا کے اثرات جیسے ہی ختم ہوئے اور اسے ہوش آیا تو وہ اسپتال چھوڑنے کے لیے نکل پڑی، اس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اسپتال کے بل کی ادائیگی سے بچنا چاہتی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق اس غیر ملکی خاتون کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی، اس نے اپنے چہرے کی پلاسٹک سرجری کروانے کے لیے ترکیہ کا سفر کیا اور سرجری سے قبل ڈاکٹروں سے پروسیجر اور فیس وغیرہ طے کی تھی لیکن جیسے ہی اس کی سرجری مکمل ہوئی تو اس نے اسپتال سے فرار کی کوشش کی۔

تاہم خاتون کی بدقسمتی کہ اس کے فرار کی کوشش اسپتال کے اسٹاف کے نوٹس میں آگئی اور اسے واپس اسپتال منتقل کیا گیا۔