لیڈنگ اسکورر بننے کا ہدف ہے، اہم ٹیم کیلئے مفید رنز بنانا ہیں، سلمان علی آغا

February 24, 2024


اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ذہن میں لیڈنگ اسکورر بننے کا ہدف ہے لیکن اہم ٹیم کےلیے مفید رنز بنانا ہیں۔

جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اس بار کافی اچھی پرفارمنس جا رہی ہے، جس طرح آغاز ہوا ہے کوششش کروں گا کہ پورا ٹورنامنٹ ایسا رہے۔

انہوں نے کہا کہ ذہن میں لیڈنگ اسکورر بننے کا ہدف ہے لیکن اہم بات ٹیم کےلیے مفید رنز بنانا ہیں۔

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ کافی گیپ کے بعد دوبارہ پی ایس ایل میں آیا ہوں، ہمیشہ خواہش تھی کہ پی ایس ایل کھیلوں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر نے کہا کہ ہدف یہی تھا کہ اب پی ایس ایل میں کم بیک ہو تو پھر ڈراپ نہ ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ روٹی گینگ کا حصہ تو ایشیا کپ میں ہی بن چکا تھا، کھانے پینے کے ساتھ ساتھ حریف ٹیموں کے میچز بھی دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ پی ایس ایل وننگ اسکواڈ کا حصہ رہوں، ایونٹ کا لیڈننگ رن اسکورر بننا بھی میری خواہش ہے۔

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اب تینوں فارمیٹ میں فرق نہیں رہا، ٹیسٹ میں بھی چار کا رن ریٹ ہوتا ہے۔ مجھے ٹیسٹ اور محدود اوورز میں بس گیند اور کٹ کے رنگ کا فرق لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر بیز بال اسٹائل کی کرکٹ کو پسند کرتا ہوں، ٹیسٹ میں بھی چار کی اوسط سے رن بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔میں بیٹنگ آرڈر میں کسی بھی نمبر کےلیے تیار ہوں۔

سلمان نے یہ بھی بتایا کہ فوکس پی ایس ایل پر ہے لیکن ذہن میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ بنانے کا ہدف بھی ہے۔