جعلی رسیدوں کا کیس: آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی آن لائن حاضری لگانے کا حکم

February 29, 2024

فائل فوٹو

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی آن لائن حاضری لگانے کا حکم دے دیا۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف 6 کیسز اور بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیس میں ضمانتوں کی درخواستوں پر جج طاہر عباس سِپرا نے سماعت کی۔

عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی آن لائن حاضری لگی نہ بشریٰ بی بی کو پیش کیا گیا۔

جج اور پی ٹی آئی وکیل کے درمیان مکالمہ

جج طاہر عباس سِپرا اور پی ٹی آئی وکیل نعیم پنجوتھا کے درمیان مکالمہ ہوا۔

وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش نہیں کیا، وہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے سوال کیا کہ کون سی توہین؟ کون سی عدالت؟

وکیلنعیم پنجوتھا نے کہا کہ ماضی میں بھی لاہور کی عدالت نے ویڈیو لنک حاضری کا حکم دیا تھا۔

جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ 6 مارچ کو ضمانت کی تمام درخواستوں پر دلائل سنیں گے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی حاضری کا آرڈر کیا گیا تھا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے عدالت پروڈکشن سے متعلق معلوم نہیں۔

جج نے سوال کیا کہ کیا جعلی رسیدوں کے کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہو چکے؟

تفتیشی افسر تھانہ کوہسار نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی مقدمے میں شاملِ تفتیش ہو چکے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ آئندہ سماعت پر صبح ساڑھے 8 بجے درخواست ضمانت پر دلائل دیں گے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔