سردار ایازصادق کی زندگی اور سیاسی کیریئر کا مختصر جائزہ

March 01, 2024

نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق---فائل فوٹو

پاکستانی سیاست میں نرم گو اور ٹھنڈے مزاج کے سیاستدان، سردار ایاز صادق پانچ بار رکن قومی اسمبلی اور تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔

بردبار شخصیت اور دھیمے لہجے کے سیاست دان ایاز صادق نے 17 اکتبور 1954ء کو لاہور میں سردار محمد صادق اور عطیہ صادق کے ہاں آنکھ کھولی۔

ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی، 1975ء میں ہیلے کالج سے ڈگری حاصل کی، 1977ء میں ان کی شادی سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور پہلے وفاقی محتسب سردار محمد اقبال کی صاحبزادی ریما سے ہوئی۔

سردار ایاز صادق کی ایک بیٹی اور دو بیٹے ہیں۔

بزنس سے وابستہ ایاز صادق نے سیاسی کیریئر کا آغاز 1996ء میں پاکستان تحریک انصاف سے کیا، 1997ء میں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے لاہور میں صوبائی سیٹ پر الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

1998ء میں ایاز صادق نےعمران خان سے اختلافات کی بناء پر پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا اور 2001ء میں ن لیگ میں شامل ہو گئے، 2002ء میں ن لیگ کے ٹکٹ پر بانی پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے جبکہ 2008ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیداروار کو شکست دی۔

2013ء میں ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کو شکست دی اور 313 کے ایوان میں 258 ووٹ لے کر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں ان کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کر دی، 22 اگست 2015ء کو الیکشن ٹریبیونل نے انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 122 میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا۔

پی ٹی آئی نے ان کے مقابلے میں عبد العلیم خان کو میدان میں اتارا، 11 اکتوبر 2015ء کے ضمنی الیکشن میں بھی سردار ایاز صادق فاتح قرار پائے اور اسپیکر کا منصب سنبھالا، 2018 میں بھی ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

2022ء کے سیاسی بحران کےموقع پر بانی پی ٹی آئی اور اس وقت کے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ان ہاوس ووٹنگ کے لیے پارلیمانی سیشن چیئر کیا۔

8 فروی 2024ء کے انتخابات میں ایاز صادق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔