اسرائیلی درخواست پر بلایا گیا سلامتی کونسل کا اجلاس ملتوی

April 15, 2024

ایران کے حملے پر اسرائیل کی درخواست پر بلایا گیا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس رسمی کارروائی کے بعد ملتوی کر دیا گیا، مزید بحث بعد میں ہوگی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ کشیدگی کم اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے، خطے کو تباہ کن جنگ کے خطرے کا سامنا ہے، کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت کے خلاف طاقت کا استعمال منع ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی، یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی اور امداد کی فراہمی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

امریکا کا ایران اور اس کے شراکت داروں سے حملے بند کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں امریکا کے نائب مندوب رابرٹ وڈ (ROBERT WOOD) نے ایران اور اس کے شراکت داروں سے حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سلامتی کونسل ایران کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کرے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا آئندہ اقوام متحدہ میں ایران کو جوابدہ بنانے کیلئے مزید اقدامات کرے گا۔

ایران یا اس کے آلہ کار امریکا یا اسرائیل کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو ایران کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، برطانیہ

برطانوی مندوب نے کہا کہ مزید کشیدگی کو روکنے اور صورتحال مستحکم کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

فرانس کا روس اور چین پر تحمل سے کام لینے پر زور

فرانس نے کہا کہ ایران اور اس کے اتحادی خطے میں عدم استحکام پیدا نہ کریں، روس اور چین کو بھی تحمل سے کام لینے پر زور دیا۔