غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن کیلئے ٹاسک فورس قائم کی جائیگی

April 25, 2024

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نے پلاننگ ونگ آر ڈی اے کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی دھوکہ دہی، شہریوں کو ورغلا کر لوٹ مار‘ اسلحہ کے زور پر قبضہ گروپوں اور جعلسازی کو روکنے کیلئے گرینڈ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈی جی نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے جلد ٹاسک فورس بھی قائم کر دی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہری ویب سائٹ www.rda.gop.pkپر چیک کر کے صرف منظور شدہ سکیموں میں خریدو فروخت کریں۔ غیر قانونی پلاٹوں کی فروخت اور تشہیری اشتہارات روکنے کی بھی ہدایت کی گئی۔