ویزوں کیلئے پاکستانی کرکٹرز کی امریکی سفارتخانہ آمد، کرکٹ بھی کھیلی

April 30, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں نے پیر کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں بایو میٹرک اور دیگر ویزہ پراسس میں شرکت کی ۔ پی سی بی نے30 کھلاڑیوں کے ویزوں کے لئے درخواست دی ہے، کپتان بابر اعظم نجی مصروفیات کی وجہ سے سفارت خانے نہیں آئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔ امریکی سفیر نے قومی کھلاڑیوں سے بیٹ پر آٹوگراف لیے۔ قومی کرکٹرز نے امریکی سفیر اور ملازمین کے ساتھ تصویریں بھی لیں۔ کھلاڑیوں نے بارش ہونے کے باعث سفارتخانہ میں انڈور کرکٹ میں بھی حصہ لیا۔ شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی نے امریکی سفیر کو بولنگ کروائی ۔ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے امریکی سفیر کو پاکستان ٹیم کی شرٹ پیش کی گئی۔ ذرائع کےمطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ کو بدھ تک پاسپورٹ واپس مل جائیں گے۔