’برانڈ‘ سپر لیگ معاوضے زیادہ، آئی پی ایل سے میچز کم، غیر ملکی پلیئرز کیلئے پرکشش بنانے کا پلان

May 20, 2024

کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان سپر لیگ میں مارکی پلیئر کو ریکارڈ سوا چار لاکھ ڈالرز تک معاوضہ دینے کی تجویز ہے۔ اس سے قبل پلاٹینیم کٹیگری کے کھلاڑی کوپونے دو لاکھ ڈالرز ملتے تھے، فرنچائزز اپنے کمرشل معاہدوں کا شیئر بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کو دیتے تھے اسے دو لاکھ 30ڈالرز ملتے ہیں۔ برانڈ پی ایس ایل کو مزید پرکشش بنانے کیلئے غیرملکی کرکٹرز کو زیادہ بہتر معاوضے دیے جائینگے جبکہ آئی پی ایل کے مقابلے پی ایس ایل میں میچ بھی کم کھیلنا ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کا خیال ہے کہ مارکی پلیئر کو ریکارڈ معاوضہ دے کر اس کے ساتھ دو سے تین سال کے لئے پی ایس ایل تک محدود کردیا جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین دن قبل لاہور میں ہونے والے اجلاس میں مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں ۔ حتمی فیصلہ پی ایس ایل گورننگ کونسل میں ہوگا۔ایک فرنچائز کی جانب سے تجویز سامنے آئی ہے کہ تمام فرنچائز کو یہ اختیار دیا جائے کہ وہ ضرورت کے تحت کھلاڑی سے براہ راست معاہدہ کر لے۔ پی سی بی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس برانڈ کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا اور فرنچائز کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔ ایک فرنچائز نے شکوہ کیا کہ بھارتی لیگ کے ساتھ متصادم پی ایس ایل میں ہمیں اپنے کچھ ایسے کھلاڑیوں سے محروم ہونا پڑے گا جو ہر سال حصہ لیتے ہیں خاص طور لاہور قلندرز نے افغانستان کے اسپنر راشد خان سے محروم ہونے کا عندیہ دیا۔ راشد سمیت کئی بڑے کھلاڑی آئندہ سال پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہوں گے۔