نائیجر میں امریکی فوج کے انخلا سے قبل ہی روسی اہلکار تعینات، کشیدگی کا امکان

May 09, 2024

نیامے ( نیوز ڈیسک) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ نائیجر کے فوجی حکمرانوں کی جانب سے امریکی فوج کے انخلا کے فیصلے کے بعد روسی فوجیوں کو نائیجر میں اس ہوائی اڈے پر تعینات کیا گیا ہے جہاں امریکی فوجی بھی موجود ہیں۔اس اقدام سے کشیدگی کاخدشہ ہے۔گزشتہ برس جولائی میں اقتدار پر قبضہ کرنے والی نائیجر کی فوج نے مارچ میں کہا تھا کہ واشنگٹن کے ساتھ فوجی تعاون کے معاہدے کو ختم کیا جارہا ہے امریکا نے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور منظم روانگی کے لیے ایک وفد کو نیامے بھیجا ہے۔2023ء کی بغاوت سے پہلے نائیجر مغربی افریقا میں عسکریت پسندوں سے نمٹنے کیلئے امریکی حکمت عملی کا ایک اہم ساتھی تھا، جہاں 10کروڑ ڈالر کا امریکی ڈرون اڈا اور تقریباً ایک ہزار امریکی فوجی تعینات تھے۔ دارالحکومت نیامے کے ائربیس 101پر روسی تعیناتی نے روسی اور امریکی فوجیوں کو ایک ایسے وقت میں قریب کر دیا ہے جب یوکرین کی جنگ پر واشنگٹن اور ماسکو شدید اختلافات کا شکار ہیں۔ ایک نیوز کانفرنس میں لائیڈ آسٹن نے کہا کہ روسی فوج کی تعیناتی ہمارے فورس کے تحفظ کے حوالے سے کوئی اہم مسئلہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ائربیس 101نائیجر کی ائر فورس کا ایک اڈا ہے جو دارالحکومت میں ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ساتھ واقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روسی فوج ایک الگ کمپاؤنڈ میں ہیں اور انہیں امریکی افواج یا ہمارے آلات تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ دوسری جانب ماسکو کا کہنا ہے کہ وہ افریقی ممالک سے تعلقات استوار کر رہا ہے۔