حج سیزن کے لیے جدید روڈ ٹیکنالوجی کا استعمال

May 20, 2024

ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں حج سیزن کے لیے جدید روڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی روڈ جنرل اتھارٹی (آر جی اے) نے حج سیزن کیلئے مقدس مقامات کی طرفجانے والی سڑکوں کی مرمت کیلئے جدید آلات متعارف کرائے ہیں۔ اس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پہلی بار کیا جارہا ہے جس کا مقصد سڑکوں کے معیار کو بہتر کرنا ہے۔ ٹیکنالوجی کے تحت سڑکوں کی مرمت موقع پر ہی کی جائے گی جس کے لیے گرمی کے بجائے پانی کا استعمال کیا جائے گا جس سے توانائی اور لاگت کی بھی واضح بچت ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق اس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سڑکوں کی مرمت کا عمل تیز ہوگا۔دوسری جانب مختلف ممالک سے سعودی عرب آنے والے عازمین حج کیلئے ادارہ امور حرمین کے شعبے دینی امور کی جانب سے دینی معلومات پر مبنی لٹریچر تقسیم کیا جا رہا ہے۔ دینی امور کے نائب سربراہ بدر آل الشیخ نے ایک بیان میں کہا کہ ادارے کی جانب سے عازمین حج کی رہنمائی کے لیے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ دینی امور کی جانب سے ’منارہ الحرمین‘ پورٹل کے ذریعے نماز جمعہ کا خطبہ اور مسجد الحرام میں ہونے والے دروس کے مختلف زبانوں میں ترجمہ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔