ویانا میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرامن ریلی کا انعقاد، اسرائیل کے خلاف نعرے بازی

May 20, 2024

ویانا (اکرم باجوہ) اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں فلسطینی شہدا کی تعداد 36ہزار سے زائد ہوگئی ہے فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں میں 15ہزار بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں 7اکتوبر سے اب تک 80ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں فلسطین کی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کیلئے فلسطین کی تنظیموں کی جانب سے ایک بڑی پر امن احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں مظاہرین خواتین ،بچوں ،بڑوں نے شرکت کی ۔آسٹرین اور پاکستانی ،ترکی اور مختلف مسلم ممالک کی کمیونٹی کے شرکا نے ویانا 10 ڈسٹرکٹ کی مختلف شاہراہوں پر مارچ کیا۔ ریلی ویانا کے معروف ریلوے اسٹیشن سود بان ہوف سے شروع ہو کر رومن پلاٹس میں جاکر اہتمام پذیر ہوئی ۔ریلی میں مظاہرین نے بینرز اور کتبے اور فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کی اسرائیل کے خلاف زبردست نعرہ بازی سے ویانا کی سٹرکیں گھونج اٹھی۔ریلی میںفلسطین کے قومی نغموں اور ترانوں کو لاؤڈ سپیکر پر چلایا گیا جس سے فلسطینی مظاہرین جوش میں آکر اسرائیل کے خلاف زبردست نعرہ بازی کرتے رہے اور مظاہرین جب مکڈونل اور کے ایف سی کے آگے سے گزرتے تو مظاہرین نے مکڈونل بائیکاٹ اور کے ایف سی کا بائیکاٹ کے نعرے لگائے۔ ریلی کی سیکورٹی کے لیے پولیس نے ریلی کو چاروں اطراف سے گھیرا ہوا تھا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ ہو ۔ریلی میں خواتین اور بچوں نے فلسطینی بچوں اور بڑوں کے علامتی تابوت بھی اٹھا رکھے تھے جس پر سڑکوں کے چاروں اطراف لوگوں کی آنکھیں اشکبار دیکھی گئی۔اسرائیل کے خلاف ریلی کے موقع پر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے ۔