صادق خان کو مشعل راہ بنانا چاہئے، شیخ سربلند

May 09, 2024

لندن (جنگ نیوز) سماجی شخصیت شیخ سربلند نے صادق خان کے تیسری مرتبہ میئر لندن منتخب ہونے پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک تاریخ رقم کر دی ہے اور ان کے دو ادوار کی کارکردگی کو دیکھ کر لوگوں نے انہیں پھر میئر بننے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صادق خان کا ایک تارک وطن ہونے کے باوجود اس عہدے تک پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ برطانیہ میں تمام افراد کو یکساں مواقع دستیاب ہیں اور محنت کرکے کوئی بھی شخص کسی بھی عہدے پر پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو صادق خان کو مشعل راہ بنا کر آگے بڑھنا چاہئے اور خصوصاً سیاست کی طرف راغب ہونا چاہئے کیونکہ اسی صورت میں ایشیائی کمیونٹی اپنے حقوق کا تحفظ اور مستقبل کو محفوظ بنا سکتی ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ تیسری ٹرم میں صادق خان شاندار خدمات سرانجام دیں گے۔