برطانیہ میں ڈکیتیوں کی روک تھام کیلئے پولیس کی موقع پر پہنچنے کی شرح بڑھ گئی

May 11, 2024

لندن (سعید نیازی) میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے گزشتہ برس نومبر سے رائٹ کیئر، رائٹ پرسن اسکیم کے آغاز کے بعد پولیس افسران نے ڈکیتی کی وارداتوںکی روک تھام کیلئے موقع پر پہنچنے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ میٹ پولیس نے این ایچ ایس کے ساتھ مل کر اس اسکیم کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد دماغی امراض میں مبتلا افراد سے نمٹنے کام متعلقہ ہیلتھ حکام کے سپرد کیا گیا تھا۔ پولیس نے ویلفیئر چیکس کرنے بھی بند کر دیئے ہیں جس کے تحت وہ مستقل بیمار افراد کے میڈیکل اپوائنمنٹ اور ادویات لینے کا خیال بھی رکھتی تھی۔ تاہم پولیس اب صرف ایسی ایمرجنسی میں جاتی ہے جہاں کسی شخص کی طرف سے دوسروں کو نقصان پہنچانے کا خدشہ ہو، یا کوئی اپنی جان لینا چاہتا ہو۔ میٹ پولیس کے مطابق پولیس دماغی امراض میں مبتلا افراد سے نمٹنے کی شرح گزشتہ برس کی نسبت 41 فیصد سے 29 فیصد پر آگئی ہے۔ اس سے پولیس کے ہر ماہ چھ ہزار وزٹ کم ہوئے ہیں جو کہ افسران کے 34 ہزار گھنٹوں کے مساوی ہے اور افسران یہ وقت جرائم سے نمٹنے میں خرچ کر رہے ہیں اور جس کے نتیجہ کے طور پر 18 فیصد زائد ڈکیتی کی کالز پر پہنچ رہے ہیں۔ میٹ کمشنر سر مارک رولی نے کہا ہے کہ اسکیم کے نتائج حوصلہ افزا ہیں اور پولیس افسران کے 500 سے زائد چوری و ڈکیتی کی وارداتوں پر پہنچ رہے ہیں۔